سیالکوٹ،13نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کیلئے15 نومبر سے قومی انسداد خسرہ کیچ اپ مہم کا آغاز ہوگا۔ 12روزہ مہم کے دوران 9ماہ سے15سال کی عمرتک کے 16لاکھ63ہزار 636 بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات جبکہ5سال سے کم عمربچوںکو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس سلسلہ میں تمام پیشگی انتظامات کو مائیکرو پلان کے مطابق مکمل کرلئے گئے ہیں ، والدین کا اولین فریض ہے کہ وہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسے خطرناک اور جان لیوا مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے قریب ترین عارضی ویکسی نیشن سنٹر ، اسکول یاسرکاری مرکزِ صحت میں خسرہ اور روبیلا کا مفت ٹیکہ لگوائیں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے قومی انسدادِ خسرہ کیچ اپ مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے سلسلہ میں محکمہ صحت کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انسداد خسرہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام اداروں کے مابین تعاون ،انتظامات امور اور تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے فول پروف اقدامات کئے جائیں گے۔ تمام سماجی ، مذہبی اورسیاسی ادارے اور تنظیمیں مہم کو کامیاب بنانے کیلئے حکومتی اقدامات میں تعاون اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی افادیت اور اہمیت کی آگاہی نہ ہونے سے اکثر بچے ان بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکہ جات نہ لگنے سے بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے قیمتی جانوں کا ضیاں بھی ہوتا ہے۔ اس لئے معاشرے کی تمام اکائیوں کو ملکر اپنے مستقبل کے معماروں کی حفاظت کرنا ہوگی اور حکومتی اقدامات اور مہمات میں بڑھ چڑھ کر اور بھرپور طریقے سے حصہ لینا ہو گا۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری ،ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مرزا، ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈاکٹر احمد ناصر، ڈاکٹر فرجاداوتر فوکل پرسن ای پی آئی تنویر احمدبھی اجلاس میں شریک تھے۔











