مری ، 17 نومبر (اے پی پی ): معروف مذہبی سکالر، ماہر تعلیم واسپیکر ڈاکٹر فرح ناز نے کہا ہے کہ دنیا میں کامیاب انسان وہ ہےجس نے یوم آخرت کے لئےسامان تیار کر کےاللہ کو راضی کر لیا، ہماری زندگی دارلجزا نہیں بلکہ دارالایمان ہے، معاشرے کو بدامنی، بے سکونی اور مایوسیوں سے نکالنے کے لئےقرآن وسنت کی تعلیمات کو عملاً اپنا ہوگا جبکہ ہمارے معاشرتی اور معاشی مسائل کا حل بھی قرآن وسنت کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پنجاب آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہی وہ واحد نظام ہے جو انسان کے حقوق وتحفظ کا خیال رکھتا ہے ، دنیا کی زندگی میں اس کے لئے بنیادی شرط یہ ہے کہ ہمارا ایمان پختہ ہونا چائیے۔انہوں نے کہا کہ ایمان صرف ایک فرد تک محدود نہیں ہے، یہ جو دنیا کو دارالایمان کہا گیا ہے در حقیقت یہی زندگی کا مقصد ہے۔
ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ دین اسلام میں ایمان کی بڑی اہمیت ہے،اگر کسی نے اپنے دوسرے بھائی کے ایمان کو بچایا تو اس کا صلہ بھی اس کو آخرت میں ضرور ملے گا جبکہ اس سے معاشرے پر بھی بڑے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔