جلال پور پیر والا،18 نومبر (اے پی پی ): سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے تھانہ سٹی جلالپورپیروالا میں کھلی کچہری لگائی اور شہریوں کے مسائل سنے۔ کھلی کچہری جلالپور سول سوسائٹی ،تاجر نمائندوں،وکلا اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سی پی او ملتان نے شہریوں سے مسائل دریافت کیے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ عوامی شکایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر طاہر عزیر ،اے ایس آئی محمد اسلم کو شوکاز جاری کیے اور تھانہ صدر کے محرر سمیت 3 اہلکاروں کو معطل کرکے کلوز ٹو لائن کردیا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ ایسے پولیس اہلکار جو عوام کو انصاف کی فراہمی میں روکاوٹ ہیں، ان کو پولیس فورس میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، پولیس کا یہ بنیادی فرض ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے۔
کھلی کچہری سے صدر بار ایسوسی ایشن جلالپورپیروالا ملک عبدالرزاق بھپلا ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جو ملتان کے شہری ہیں، ان کی افسران بالا تک رسائی آسان ہے لیکن جلالپورپیروالا ایک پسماندہ اور ملتان سے دور دراز علاقہ ہےیہاں پر سی پی او کا آکر مسائل سننا خوش آئند ہے ہم ان کو یہاں خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے ان کے اقدامات سے شہریوں کے مسائل آسانی سے حل ہوں گے۔











