سکھر؛اسمال ٹریڈرز و صرافہ ایسوسی ایشن اورریجنل بلڈ سینٹرکے تعاون سے خون کے عطیات کیلئےکیمپ کا قیام

55

سکھر،29دسمبر(اے پی پی ): اسمال ٹریڈرز، صرافہ ایسوسی ایشن ، ڈیویلپمنٹ الائنس کے زیر اہتمام ریجنل بلڈ سینٹر کی جانب سے صرافہ بازار میں خون کے عطیات کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اسمال ٹریڈرز و صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے سب سے پہلے خود خون کا عطیہ دیکر بلڈ ڈونیٹنگ کیمپ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر اسمال ٹریڈرز و صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنااور غریبوں، مسکینوں اور لاچار، بیمار افراد کے علاج معالجے کیلئے مدد کرنا افضل عبادت ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحق مریضوں کیلئے خون کا عطیہ دینا صدقہ جاریہ ہے، نوجوان اور صحت مند و تندرست افراد کو تھلیسمیا سمیت دیگر امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کے علاج کیلئے آگے بڑھ کر خون کے عطیات دینا چاہیئے اس طرح نہ صرف خون کا عطیہ دینے والے شخص کی صحت بنتی ہے بلکہ کسی مستحق شخص کو علاج معالجے میں خاص مدد ملتی ہے۔

 اس موقع پر غلام مصطفی پھلپوٹو، عبدالقادر شیوانی، عبدالباری انصاری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ خون کے عطیات کے کیمپ میں تاجروں اور شہریوں ، نوجوانوں نے مستحق مریضوں کیلئے خون کا عطیہ بھی دیا۔

کیمپ کے دوران ریجنل بلڈ سینٹر کے محمد افضل وسیر و دیگر نے حاجی محمد جاوید میمن کیجانب سے کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریجنل بلڈ سینٹر سول اسپتال میں مستحق مریضوں کو مفت خون فراہم کرتا ہے ۔حاجی محمد جاوید میمن اور ان کے رفقاء نے مستحق مریضوں کیلئے کیمپ کا انعقاد کر کے احسن اقدام اٹھایا ہے، انشاءاللہ امید ہے کہ آئندہ بھی تاجر، شہری اور سول سوسائٹی کے افراد آگے بڑھ چڑھ کر کار خیر کے کاموں میں حصہ لینگے۔