سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

76

اسلام آباد،12جنوری (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعاون کے لیے بھرپور مواقع موجود ہیں جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو  ان  سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط کومزید بڑھانے کے علاوہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات 7 دہائیوں پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے  درمیان  پارلیمانی تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے اقتصادی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کے  درمیان تجارتی تعاون کے لیے بھرپور مواقع موجود ہیں۔

جرمن سفیر نے سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو پی ٹی آئی کے ڈپلومیٹک اینڈ انٹرنیشنل افیئرز کے  شعبے کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے اور جرمنی اس کے ساتھ دوطرفہ تجارتی و پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں  ہے۔