سکھر،12جنوری(اے پی پی): سکھر میں لڑکی کا آپریشن، پیٹ سے ڈیڑھ کلو وزنی بالوں کا گھچا نکال لیا گیا،لڑکی کے پیٹ میں آٹھ سال سے بالوں کا یہ گھچا بن رہا تھا۔
سکھر کے نامور سرجن ڈاکٹر رفیق احمد میمن، مہر میڈیکل کالج سول اسپتال سکھر کے سرجیکل وارڈ کے سربراہ غلام محمد اور ان کی ٹیم نے چودہ سالہ لڑکی کا کامیاب آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ڈیڑھ کلو سے زائد وزنی بالوں کا گچھا نکال کر اس کی زندگی بچالی۔
سول سرجن ڈاکٹر رفیق میمن نے بتایا کہ گذشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر مریضہ کو اسپتال لایا گیا تھا جس کا سی ٹی اسکین کرایا گیا تو پتہ چلا کہ لڑکی گیسٹرک ٹائیکوزرکی مریضہ بن چکی ہے اس لئے اس کے پیٹ کا آپریشن کیا گیا جس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد وزنی بالوں کا گچھا نکال لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکی کے ورثاءنے بتایا ہے کہ لڑکی ذہنی مریضہ ہے جو اپنے سر کے بال توڑکر آٹھ سال سے کھاتی رہی ہے جس کی وجہ سے وہ آئے روز پیٹ درد اور الٹیاں آنے کے مرض میں مبتلا رہتی تھی گذشتہ دنوں زیادہ حالت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا تو ہم نے اس کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال کر اس کی زندگی بچالی ہے۔











