اسلام آباد، 26 جنوری (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پاکستان کے لوگوں کے لیے بڑی سہولت ہے، صحت کے شعبہ میں انقلاب آرہا ہے، آنے والے وقت میں اس کے اثرات سامنے آئیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے ذریعے اسلام آباد، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ روپے تک کی صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وز اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے علاوہ وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ قومی صحت کارڈ فلاحی ریاست کی جانب عملی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔ 19کی وبا کے دوران بین الاقوامی برادری نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ، ہم نے صحت کے شعبے پرتوجہ دی ہے،صحت انصاف کارڈ بڑی سہولت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے شہری کینسر ،ہارٹ، سی سیکشن، ڈائیلاسز، جلنے اور حادثے کی صورت میں بھی علاج کراسکیں گے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس صحت کارڈ کے ذریعے صحت کی مزید سہولیات بھی میسر آئیں گی، فی الحال صرف انڈور ٹریٹمنٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔











