کوئٹہ، 26 جنوری (اے پی پی): کلیکٹر پریونٹیو کوئٹہ ڈاکٹر فرید نے کہا ہے کہ ہر سال دنیا بھر میں 26تاریخ کو کسٹمز کا عالمی دن منایا جاتا ہے، پاکستان ورلڈ کسٹمز آرگنائزر کا اہم رکن ہے اور افرادی قوت اور وسائل کی کمی کے باوجود کسٹمز اپنا کام کر رہی ہے، بلوچستان کی تاجر برادی مشکل حالات میں بھی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو کسٹمز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاجر برادی مشکل حالات میں بھی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ملک کی معاشی ترقی میں تاجر اور کسٹمز کا مشترکہ کردار رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے تاجروں نے مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 60 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے، کسٹمز تاجروں کو تجارت کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے، گزشتہ سال بیس ارب سے زائد مالیت کا غیر ملکی سامان ضبط کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فرید نے کہا کہ بلوچستان میں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کسٹمز آفیسران اور اہلکاروں نے اپنی قیمتی جانیں دیں ہیں ، ان کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائے گئی۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کی شکایات دور کرنے کے لئے اختیارات کو تقسیم کردیا گیا ہے، کسٹم ہاوس کا دروازہ تاجروں کے لیے ہروقت کھلا ہوا ہے اور کسٹم ہاوس قانونی تجارت کے لیے تاجروں کی مدد کے لئے حاضر ہے۔
کلیکٹر پریونٹیو نے کہا کہ تاجروں کی مدد سے تجارت 12 سے 15 گناہ بڑھی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین ایف بی آر نے چمن شہر کا دورہ کیا اور بہتری کے لیے تجاویز بھی سنی گئی۔انہوں نے کہا بلوچستان کسٹمز چیک پوسٹوں کو شہید اہلکاروں کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔











