لاہور، فروری 12(اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ملک بھر سے آئے پی ایف یو جے کے ممبران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ڈیجیٹل میڈیا کو استعمال کر کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے میڈیا کی آزادی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، حکومت نے صحافیوں کی تمام تنظیموں کے ساتھ ملکر جرنلسٹ میڈیا پروٹیکشن بل اسمبلی سے پاس کروالیاہے،قانون بننے پر منسٹری آف ہیومن رائٹس اس پر کام کررہی ہے اس پر کمیشن بھی بنایا جائے گا جس میں صحافیوں کے نمائندوں کو شامل کریں گے تاکہ صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں سازگار ماحول میں انجام دینے کا موقع فراہم کیاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کے پاس اپنی شکایات کے ازالہ کیلئے آئی ٹی این ای کا پلیٹ فارم موجود ہے کوشش کررہے ہیں کہ الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کو بھی آئی ٹی این ای تک رسائی دیں ۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی این ای نے 10ہزار سے زائد کیسز میں سے 7ہزار کافیصلہ کیا ہے ،آئی ٹی این ای کا سیٹ اپ اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر کے دیگر بڑے شہروں میں بھی قائم کریں گے۔











