الیکشن کمیشن سے توقع ہے کہ ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے ؛ ملیکہ بخاری

22

اسلام آباد،21فروری  (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری  نے  کہا ہے  کہ الیکشن کمیشن سے توقع ہے کہ ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

پیر کو  یہاں   میڈیا سے  گفتگو میں ملیکہ بخاری   نے کہا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنا رہے ہیں، 3 مارچ 2020 کو ایوان بالا پر داغ لگا تھا، سابق وزیراعظم نے اپنے صاحبزادے کے ساتھ مل کر قانون اور آئین کی دھجیاں بکھیری ہیں، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ آئندہ ہفتے اس درخواست کو بھی سنا جائے اور جلد فیصلہ کیا جائے۔

 پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف نے کہا کہ ان لوگوں نے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا، اس کے نتائج ضرور آئیں گے، جن لوگوں نے ایوان بالا کو داغدار کیا ہے آج وہ لانگ مارچ کی باتیں کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے 23 سال قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی، قانون سازی بھی ہو رہی ہے اور آرڈیننس کا اجرا ہمارا استحاق ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن کسی کو اس طرح کیچڑ اچھالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہمارے وکلا الیکشن ایکٹ، قانونی فیصلے الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے، ہمارے منشور کا حصہ ہے، اس وقت تک لڑائی لڑیں گے جب تک کرپشن کا نظام ختم نہیں ہوتا۔