پاکستان میں سیاست کرنا بہت مشکل کام ہے ؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

30

لاہور، 22 فروری ( اے پی پی ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے حکومت تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے،پاکستان میں بہت کم لوگ ٹیکس دیتے ہیں،  حکومت نے اسی پیسے سے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہوتی ہیں، ماضی میں ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ پر بہت کم توجہ دی گی جس کا ملک کو بہت نقصان ہوا،مستقبل میں توانائی اور پانی کے بحران سے بچنے کےلئے ہمیں بحیثیت قوم ان کے استعمال میں بچت کرنی چاہیے،پاکستان میں سیاست کرنا بہت مشکل کام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ رات نجی ہوٹل میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعمیراتی صنعت کے فروغ اور اس کی صنعت سے وابستہ تجارتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وطن عزیز میں مختلف انقلابی اقدامات کر رہی ہے ، ایف ایف سٹیل کی یہ کاوش پاکستان بھر میں ہونے والی بلند و بالا عمارات اور سی پیک منصوبوں کو ایک جدت دے گی اور گریڈ 80 بڑے منصوبوں کی تعمیر کے لئے زیادہ مضبوط اور کم لاگت ثابت ہوگا ۔انہوں نے  کہاکہ موجودہ حکومت وطن عزیز میں تجارت کی ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے لیے مختلف شعبوں میں ہونے والی تحقیق کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، اس کے نتیجہ میں حاصل ہونے والے نتائج سے معاشی ترقی کی راہیں مزید ہموار ہوں گی اور عام آدمی کو مزید آسانیاں فراہم کی جائیں گی ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ایف ایف سٹیل کی طرح دیگر اداروں سے توقع کرتا ہوں کہ وہ اپنی پیداوار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تحقیقاتی سرگرمیوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ ترقی کے میدان میں ہم دیگر ممالک کے ہم پلہ ہو سکیں تاکہ  تیزی سے بدلتے ہوئے ملکی و غیر ملکی صنعتی اور تجارتی میدان میں اپنا مقام بنا سکیں اور اپنی عوام کو سہولت دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر اپنی توجہ نہیں دی اور جس کی وجہ سے ہم بہت گھاٹے میں رہے، پاکستان کا جو کنال سسٹم ہے میں سمجھتا ہوں کہ دنیا کا بہترین ڈسٹریبیوشن سسٹم ہے ۔

گورنر پنجاب  نے کہاکہ دنیا کے دوسرے ملکوں میں کوئی ایسی مثال نہیں لیکن اس کے باوجود  گندم ہم 32 من پیدا کر رہے ہیں، ہمارے ہمسائے 52 من پیدا کر رہے ہیں، ہم ماضی میں کاٹن 15 ملین بیل پیدا کر ہے تھے اور ہمارے ہمسائے 13 ملین بیل پیدا کر رہے تھے اور اب وہ 13 سے 40 ملین بیل پر پہنچ گئے اور ہم 15 سے 8 ملین بیل پر آگئے اور ایک ملین بیل کی قیمت 1 بلین ڈالر ہے تو آپ اندازہ کر لے یہ اگر ہم اپنا بیج کا مسئلہ حل کر لیں اور پیسٹی سائیڈ کا مسئلہ حل کر لیں اور اپنے کسان کو ایجوکیٹ کر لیں تو ہم پیداوار کو بہتر کر سکتے ہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے   کہا کہ انرجی پر ہمیں زور دینا ہے کہ کس طریقے سے ہمیں ہائیڈرل، سولر انرجی یا ونڈ مل لیں جس کے لیے خام مال امپورٹ نہیں کرنا پڑتا اور دوسرا انرجی سیونگ بھی ضروری عنصر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قوم سب سے زیادہ پانی ضائع کرتی ہے جتنا پانی میرے خیال میں ہم ضائع کرتے ہیں دنیا کا کوئی ملک ضائع نہیں کرتا اور آنے والے وقتوں میں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہو گا۔