دس ارب درخت لگانے کا مقصد اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت کرنا ہے؛ وزیراعظم عمرا ن خان

90

اسلام آباد،22فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمرا ن خان نے نوجوانوں پر زوردیا ہے کہ وہ شجر کاری میں بھرپور حصہ لیں، ہر خاندان کم ازکم 5 درخت لگائے اور ان کی پرورش کرے، آنے والی نسلوں کے لئے یہ ضروری ہے ، پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف ہماری جدوجہد کی معترف ہے، 10ارب درخت لگانے کا مقصد اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت کرنا ہے، دس بلین ٹری سونامی کو دنیا نے سراہا جوکہ پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو پاکستان میں سکاؤٹس کے عالمی دن کے موقع پر موسم بہار کی شجر کاری مہم 2022 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکائوٹس کو ان کے قیام کے عالمی دن کے موقع پر مبارک باد دیتا ہوں ۔ بدقسمتی سے پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جسے موسمیاتی تبدیلی سے خطرہ درپیش ہے،شجر کاری کے ذریعے ہم اپنی آنے والی نسلوں کا تحفظ کر سکتے ہیں اور ان کو بہتر ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں ، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے اس مسئلہ کی اہمیت کو سمجھیں اور ہر خاندان کم ازکم 5 درخت لگائے اور ان کی پرورش کرے، اس طرح ہم دراصل اپنے مستقبل کی پرورش کریں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو 12 موسم دیئے ہیں ، یہاں ہر قسم کے درختوں اور پھلوں کی  نشوونما ہو سکتی ہے ۔ہمیں اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کی قدر کرنی چاہیے، ہم نے اللہ کی نعمتوں کی پرواہ نہیں کی اس لئے موسمیاتی تبدیلی کے عذاب نے ہمیں گھیر لیا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ  رواں موسم بہار میں 54 کروڑ درخت لگانےکا ہدف مقرر کیاگیا ہے جس طرح اس سے پہلے تمام اہداف حاصل کئے، یہ بھی کریں گے۔  انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبےسے پاکستان کا ماحول بہتر ہو جائے گا، بدقسمتی سے گزشتہ سالوں کے دوران انگریزوں کے لگائے ہوئے جنگل اور درخت بھی تباہ کردیئے گئے۔

وزیراعظم نے شجر کاری مہم کی کامیابی پر ملک امین اسلم اور ان کی ٹیم کو مبارکبا ددی اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہماری جدوجہد کی دنیا معترف ہے۔