تین ،ایم این ایز کوعدم اعتمادکےلئے پیسوں کی آفرکی گئی ہے جو شرمناک رویہ ہے؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فوادحسین

37

اسلام آباد،23فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور زرداری پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، لوٹ مار کے یہ دو بڑے سوداگر رات کو اکٹھے ہوئے، رات کی ملاقاتوں میں یہ طے ہوا کہ ہارس ٹریڈنگ کے لئے انہوں نے کتنے کتنے پیسے ڈالنے ہیں، ہمارے تین ارکان اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی جو شرمناک رویہ ہے، دونوں جماعتیں ملک میں ہارس ٹریڈنگ دوبارہ لانا چاہتی ہیں جو ہم نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لے کر آئے، انہیں لگ پتہ جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سراہا گیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر بھی غور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تین ارکان اسمبلی جن میں ایک اقلیتی رکن اور ایک خاتون رکن بھی شامل ہیں، نے رپورٹ کیا ہے کہ انہیں عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی ہے، یہ ایک شرمناک رویہ ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کے دو بڑے سوداگر رات کو اکٹھے ہوئے، ایک کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس لاہور میں اور دوسرے کے خلاف کراچی میں چل رہا ہے۔ زرداری اور شہباز شریف پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، ہمارے ایم این ایز کی رپورٹ کو دیکھا جائے تو اس سے ظاہر ہے کہ ان کی رات کی ملاقات میں یہ طے ہوا کہ لوگوں کو خریدنے کے لئے یہ کتنے کتنے پیسے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کیس روزانہ کی بنیادوں پر چلنا شروع ہو گئے تو شہباز شریف جیل میں ہوں گے، یہی صورتحال آصف علی زرداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے عدالتوں میں سرٹیفیکیٹس دیئے ہیں کہ ہم بیمار ہیں اور یہ راتوں کو ملاقاتیں کر رہے ہیں اور یہ بحث کر رہے ہیں کہ لوگ خریدنے کے لئے آپ کتنے پیسے ڈالیں گے اور ہم کتنے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی بڑی مشکل سے پاکستان میں خاتمے کی امید پیدا ہوئی تھی لیکن یہ دونوں جماعتیں مل کر اسے دوبارہ واپس لانا چاہتی ہیں جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے منتخب ممبران کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے تمام معاملات سے پارٹی لیڈر شپ کو آگاہ رکھا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن کی جرات نہیں ہوئی کہ یہ تحریک عدم اعتماد لا سکے، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان میں جرات ہے تو کل ہی تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں۔ اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ یہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لے کر آئے تو انہیں لگ پتہ جائے گا کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں، آج پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہے، پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ میئرز کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔