اٹک؛پی ٹی آئی رہنما قاضی احمد اکبر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نرتوپہ اور بہادر خان میں  2نئے کمروں اور کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا

50

اٹک،26فروری(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر قاضی احمد اکبر خان نے سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس اور ڈی او ملک فتح خان کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نرتوپہ کے 2نئے کمروں اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بہادر خان میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا، دونوں منصوبوں پر 50لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔

 اس موقع پر قاضی احمد اکبر خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح صحت و تعلیم کے منصوبوں کو پروان چڑھانا ہے ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار تعلیمی سہولیات کیلئے تمام تر حکومتی وسائل بروئے کار لارہے ہیں، خاص طور پر بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نرتوپہ کی ہیڈ مسٹریس میڈم اسماء جاوید کی کارکردگی قابل ستائش اور دیگر سکولوں کیلئے قابل تقلید ہے،سکول میں مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین د لاتا ہوں۔

 اس موقع پرہیڈ مسٹریس اسماء جاوید نے مہمانان گرامی قاضی احمد اکبر ، ملک محسن عباس، ڈی او ایجوکیشن ملک فتح خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکول اور طالبات کی ضروریات سے آگاہ کیا جس پر پی ٹی آئی رہنما و ایجوکیشن افسران نے انہیں ضرریات پوری کرنے کایقین دلایا۔

 قاضی احمد اکبر ، ملک محسن عباس اور ملک فتح خان کو ہیڈ مسٹریس نے کمپیوٹر لیب کا بھی دورہ کرایا ، بعد ازاں سکول دفتر کی لاگ بک میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے نرتوپہ سکول کی شاندار کارکردگی، پرنسپل کی تعلیم دوست پالیسیوں اور ڈسپلن سمیت بہترین مینجمنٹ کو سراہا۔

 گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بہادر خان کی ہیڈ مسٹریس نے کمپیوٹر لیب اور نئی بلڈنگ کے حوالے سے بریفنگ دی اورکمپیوٹر لیب کے لیے آئی ٹی ٹیچر،نئی بلڈنگ کے لئے 18پنکھوں اور کمپیوٹر لیب کے لیے پروجیکٹر کی ڈیمانڈ کی جس پر قاضی احمد اکبر نے نئی بلڈنگ کے لئے پنکھے اور کمپیوٹر لیب کے لیے پروجیکٹر ذاتی طور پر دینے کا اعلان کیا جبکہ سی ای او ایجوکیشن محسن عباس نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بہادر خان میں آئی ٹی ٹیچر کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے۔

 اس موقع پر صحافیوں کی انٹرنیشنل تنظیم فورتھ پلر ویجلینٹ ضلع اٹک کے جنرل سیکرٹری نثار علی خان، پی ٹی آئی ضلع اٹک کے سابق سیکرٹری اطلاعات عمران خان ، حضرو کے معروف نوجوان بلال جاوید ، عمر خان ترین ، ماسٹر اختر، سہیل خان، علی اصغر ، چوہدری احمد نواز،ممتاز خان ، امین اللہ، حسنین رشید اور دیگر بھی موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، اٹک