لاہور، 26فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کی اوراپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں،اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں، جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں، اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے کہا کہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے،نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز راولپنڈی کیلئے 100 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کا لیٹر بھی دیا۔شیخ رشید احمد نے فنڈز کے اجراء پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
سورس : وی این ایس، لاہور











