لاہور:14 فروری ( اے پی پی ) صوبائی وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں کاٹن کمیٹی کے پہلے اجلاس کا انعقاد ہوا۔سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی اور سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بوائی کے ہدف کے حصول کو سو فیصد یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں کپاس کے آئی پی ایم مینول پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کپاس کی گلابی سنڈی کے کنٹرول کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔کپاس کے غیرمعیاری بیج کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی آئندہ فصل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں ۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر محمد اختر، ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم ڈائریکٹر کاٹن ملتان ڈاکٹر صغیر ،ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ عبدالقیوم اور ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔











