پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی اوراتحادی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکامی سے دوچار ہوگی، ڈاکٹر منیربلوچ

37

کوئٹہ،14 مارچ (اے پی پی ):پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیربلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اوراتحادی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکامی سے دوچار ہوگی،پی ٹی آئی عدم اعتماد کی تحریک سے ایک دن قبل اسلام آباد میں اپنی پاور کا مظاہرہ کریگی بلوچستان کے کارکن جلسے میں شرکت کی بھر پور تیاریاں کریں۔ ان خیالات کا اظہار  انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماوں کے ہمراہ  کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ وزیراعظم عمران خان اپنی کرسی بچانے کیلئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق اور پاکستان کے وقار کی سربلندی کیلئے کوشاں ہیں وزیراعظم عمران خان اوروفاقی وزراءکو غیر ملکی دوروں کے دوران جو عزت اور وقار ملا ہے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی ہیں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اور اتحادی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہیں تحریک عدم اعتمادمیں اپوزیشن جماعتوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔