سیدو شریف ۔16مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو گراسی گرائونڈ سیدو شریف سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پہلی بار کسی پاکستانی سربراہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف بات کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے اور نبی کریم ۖ ﷺکی شان میں گستاخی کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر مؤثر انداز میں آواز بلند کی جس کے نتیجہ میں اقوام متحدہ میں ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن منانے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے، آنے والے دن پاکستان کی تاریخ کے فیصلہ کن دن ہیں جس میں ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہو گا، 27 مارچ کو قوم گھروں سے نکلے ، اسلام آباد پہنچے اور دنیا کو بتائے کہ ہم سچائی اور حق کے ساتھ ہیں جبکہ چوروں، لٹیروں، ڈاکوئوں اور منافقوں کے خلاف کھڑے ہیں ۔عمران خان امریکی صدر سمیت عالمی حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے، الیکشن کمیشن بتائے کہ کیا پیسوں کے بل بوتے پر اراکین اسمبلی کے ضمیر خریدنے کی قانون اجازت دیتا ہے؟ تین کے ٹولے کو ڈر ہے کہ اگر عمران خان مزید اقتدار میں رہا تو ان کا مقدر جیل ہو گا لیکن میں ایک گیند سے تین وکٹیں اڑائوں گا۔











