اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال میں کینسر کے 70 فیصد مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس احساس کے ساتھ پاکستان میں کینسر ہسپتال کا آغاز کیا اور اللہ کی مدد سے اتنا بڑا ہسپتال قائم ہوا جہاں 75فیصد لوگوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ کچھ لوگ ہسپتال بنائیں اور پھر اسے چلائیں، لیکن پاکستانی قوم ایسی فراخ دل قوم ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے نہ صرف شوکت خانم بنانے میں میری مدد کی بلکہ اسے چلانے میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں ۔ انہوں نے دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ حکومتی فنڈنگ کے بغیر 75فیصد لوگوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کی جاسکے لیکن شوکت خانم میموریل ہسپتال میں یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی مدد اور مخیر حضرات کے عطیات سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نہ تو فلاحی ریاست بنانا اور کمزور طبقات کو سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ بتاتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستانی قوم نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کو اب تک 63ارب روپے کے عطیات دیئے ہیں اور یہ ایک معجزہ ہے کہ ہسپتال نے یہ عطیات غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کئے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ میرا وعدہ تھا کہ ہسپتال میں 70فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا لیکن ہم نے اپنے وعدے سے زیادہ لوگوں کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے۔











