مری ، 28 اپریل (اے پی پی ): سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا عید الفطر اور گرمائی سیزن کے آغاز سے قبل جناح ہال مری میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدرسکندری ، ڈی ایس پی ٹریفک مری ڈاکٹر آصف کمال سمیت دیگر اداروں نے شرکت کی۔ڈی ایس پی ٹریفک مری نے عید الفطر اور گرمائی سیزن کے حوالے سے ٹریفک پلان کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی ایس پی ٹریفک آصف کمال نے کہا کہ عید الفطر اور گرمائی سیزن کے دوران ٹریفک پولیس کے350سے زائد اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں،سیزن کے دوران مری کی 05شاہراہوں کو ون وے کیا جائے گا اور مال روڈ کو ہر طرح کی ٹریفک کےلئے مکمل بند رکھا جائے گا،صبح 7بجے سے رات 01بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر مکمل پابندی ہو گی،بسوں وغیرہ کو لوئر ٹوپہ اور بانسرہ گلی سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا،آزاد کشمیر جانے والی گاڑیاں ایکسپریس وے کا استعمال کریں گی،ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کےلئے GPOچوک اور گردو نواح میں ہر طرح کی پارکنگ پر پابندی ہو گی۔
ڈی ایس پی ٹریفک نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے لئے تمام داخلی راستوں پر آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے اور رہنمائی کےلئے تمام اہم شاہراہوں پر آگاہی بینر بھی آویزاں کیے جائیں گے اور کہا کہ بغیر لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو مری میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی، موٹر سائیکلوں سواروں کا مری میں داخلہ کےلئے ہیلمٹ کی پابندی ضروری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی بروقت مدد اور رہنمائی کےلئے سنی بینک میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا،گاڑی خراب ہونے یا قسم کی حادثہ کی صورت میں فری کرین سروس بھی مہیا کی جارہی ہے اور کہا کہ مری آنے والے سیاح کو مدد اور رہنمائی کےلئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔











