پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس ممالک  کی فہرست میں شامل

27

اسلام آباد ، 18 مئی  (اے پی پی ): عالمی درجہ  حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان بھی گزشتہ کئی برسوں سے موسمیاتی تغیرات کا سامنا کر رہا ہے۔پگھلتے گلیشیئرز، سیلاب،  پانی کی کمی، خشک سالی  اور تواتر کے ساتھ پڑنے والی گرمی کی لہروں کے باعث پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس ممالک  کی فہرست میں شامل ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عالمی اوسط سے کہیں زیادہ گرمی کے خطرے کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگر کاربن کے اخراج کی یہی صورتِ حال برقرار رہی تو 2090ءکی دہائی تک ملک کا اوسط درجہ حرارت 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 1997 سے 2015ء تک 126 ہیٹ ویوز آئیں، ان ہیٹ ویوز کی سالانہ شرح سات ریکارڈ کی گئی لیکن 2015ء کے بعد  ہیٹ ویوز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی معیشت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پاکستان میں اہم غذائی اشیاء اور فصلوں کی پیداوار میں کمی ہو سکتی ہے،اس کی ایک بڑی وجہ جنگلات میں تیزی سے ہونے والی کمی اور زیر زمین پانی کی سطح میں کمی بھی ہے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کے لیے  قدرتی ماحول پر انسانی مداخلت کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کی ضرورت ہے،اس کے علاوہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور پانی کے محتاط استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق  شعور بڑھانے اور مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک موثر پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہےتاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کو ممکن بنا کر اس دنیا کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔