ملک میں ایندھن کی کمی کا بحران حل ہوگیا، متوقع گرمی کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں؛ وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر

17

اسلام آباد،19مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر   نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کمی کا بحران حل ہوگیا، متوقع گرمی کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔

 جمعرات کو وزیر مملکت مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر  نے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مالیاتی اور توانائی کا بحران ہمیں ملا ہے، مئی کے 12 دنوں میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی، گرمی کی شدت کی وجہ سے پہلے ایک گھنٹے اور پھر 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ کوئلہ کی قیمت میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت یہ 360 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عذاب عمرانی نے آئی پی پیز کو ادائیگیاں نہیں کیں، کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں اور دیگر بجلی گھروں کیلئے کوئلے اور ایندھن کا انتظام نہیں کیا گیا، جب ہم حکومت میں آئے تو 26 اپریل کو 5820 میگاواٹ کے پیداواری منصوبے ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے تھے جنہیں چار دنوں میں ہم نے چلا دیا۔

 وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر   نے کہا کہ عید کے 12 دن لوڈ شیڈنگ صفر تھی لیکن جب پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوئیں تو شارٹ فال کا سامنا ہے، اب تک ایل این جی کے چار بحری جہازوں کا انتظام کیا جا چکا ہے، سات بحری جہاز طویل المدت معاہدہ کے تحت خریدے گئے ہیں، پانچ کی خریداری کا انتظام (ن) لیگ کی حکومت نے کیا تھا جبکہ دو کا معاہدہ سابق حکومت نے کیا، فرنس آئل کے بھی پانچ جہاز فراہم کئے جا چکے ہیں جس سے ایندھن کی کمی کا بحران حل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ لوڈ شیڈنگ کی ایک وجہ حویلی بہادر شاہ پلانٹ کی مرمت اور بحالی ہے جو اس وقت ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بحران میں شدت آئی ہے لیکن چند دنوں میں اس سے دوبارہ پیداوار شروع ہو جائے گی، اس کے علاوہ کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے ایک پلانٹ میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو بھی دور کیا جا رہا ہے اور بجلی کی پیداوار میں یہ وقتی تعطل جلد دور ہو جائے گا جس کے بعد محدود پیمانے پر لوڈ شیڈنگ ہو گی۔

 خرم دستگیر   نے کہا کہ مئی کے پہلے 12 دنوں میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی، دوبارہ شاید لوڈ شیڈنگ صفر نہ ہو سکے لیکن اسے محدود کیا جائے گا، بین الاقوامی سطح پر آئندہ 6 ماہ میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے اس سے صورتحال میں  بہتری آئے گی۔