اس منصوبے سے ملک کو 4 ارب روپے کی بچت ہو گی، وزیراعظم شہباز شریف کی کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ورکرز اور چینی میڈیا سے گفتگو

25

اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے دورہ کے موقع پر ورکرز اور چینی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے ملک کو 4 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ  کہا ہے کہ دھرنوں نے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا، اب وقت آ گیا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے دھرنوں کا دھڑن تختہ کیا جائے اور دھڑلے سے پاکستان کی تعمیر کی جائے، کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کی تکمیل سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔2014 میں دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ مؤخر نہ ہوتا تو آج یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2015ء میں چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اس منصوبہ سے 720 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر دور اندیش لیڈر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت کے پاس حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے، معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے اور دشنام طرازی کیلئے بہت وقت ہے لیکن مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کو کنٹرول کرنے کیلئے ان کے پاس وقت نہیں تھا، سابق وزیراعظم نے اس منصوبے کا دورہ تک نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی طریقہ سے ہماری حکومت اقتدار میں آئی ہے اور مختصر وقت میں ہم نے معاشی اہمیت کے منصوبوں پر توجہ دی ہے اور آج اس منصوبہ کا دورہ کرنے کیلئے یہاں آیا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے ذمہ داران اور انجینئرز نے یقین دلایا ہے کہ یہ منصوبہ جلد مکمل طور پر کام شروع کر دے گا اور نیشنل گرڈ کو 720 میگاواٹ بجلی فراہم کرے گا، یہ سستی بجلی ہو گی اور جوں جوں سرمایہ کاری کا حجم کم ہوتا جائے گا اور قرضوں کی ادائیگی ہوتی جائے گی تو بجلی کی قیمت میں مزید کمی آتی جائے گی اور قرضے اترنے کے بعد ایک وقت آئے گا کہ بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ ہو گی، اس منصوبہ سے ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ بھی نہیں ہو گا۔