پشین ، 27 مئی ( اے پی پی ): بلوچستان بھر کی طرح ضلع پشین میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن پشین نے پولنگ اسٹیشنز کی حتمی فہرست جاری کردی۔221 امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں مجموعی طور پر 1404 امیدوار مد مقابل ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پشین نذیر احمد حریفال نے کہا ہے کہ پشین میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن 34 وارڈوں سمیت ضلع بھر کے 452 وارڈز پر 29 مئی کو پولنگ ہوگی، ضلع میں کُل ووٹر کی تعداد 302,818 جبکہ آبادی 737,225 ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ میں کُل 507 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں مرد پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 39 ، خواتین کی 31 جبکہ کمبائنڈ کی تعداد433 ہیں انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے 34 وارڈ ز میں سے 30 وارڈز پر انتخابات ہوں گے مردوں کیلئے 25پولنگ اسٹیشنز خواتین کیلئے 20 جبکہ 44 کمبائنڈ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نذیراحمد حریفال نے کہا کہ میونسل کمیٹی حرمزئی پر عدالتی احکامات کی روشنی میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں، میونسپل کمیٹی سرانان کے 19 وارڈز میں مردوں کیلئے 6 جبکہ خواتین کیلئے 5پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں،میونسپل کمیٹی سرانان کے تمام 19 وارڈز میں کمبائنڈ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 24 جبکہ میونسپل کمیٹی خانوزئی کے 19 وارڈز میں مرد اور خواتین کے لئے 1,1 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ میں کُل پولنگ بوتھ کی تعداد 1173 ہیں جن میں مرد پولنگ کی تعداد 611 ہوں گی اسی طرح ضلع بھر میں خواتین پولنگ بوتھ کی تعداد 562 ہوں گی ڈسٹرکٹ کے کُل 452 وارڈز پر مجموعی طور پر 1404 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 1624 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں سے 221 امیدوار الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے، اس وقت میدان میں امیدواروں کی تعداد 1404 رئیگی ہیں۔











