نارووال، 31 مئی (اے پی پی ): تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر دیگراضلاع کی طرح نارووال میں بھی محکمہ ہیلتھ کے زیراہتمام آگاہی ریلی نکالی گئی، ریلی سی او ہیلتھ نارووال آفس سے شروع ہوکر رنسینوال پھاٹک پراختتام پذیرہوئی، جسکی قیادت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالدجاوید اور ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرمحمدطارق نے کی۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ ڈاکٹرمحمدعدنان کےعلاوہ سول سوسائٹیز اورمختلف سماجی ورکرز سمیت کثیرتعداد میں شرکاء نے ریلی میں شرکت کی ۔
ریلی کا مقصد عوام میں تمباکو،حقہ اور سگریٹ نوشی سے بچاؤ سے آگاہی فراہم کرناتھا۔ریلی میں شامل شرکاء نےتمباکو سے بچاؤ کے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھےتھےجس میں عوام میں آگہی اور روک تھام کے لئے اقدامات درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالد جاوید اور ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرمحمدطارق نے کہا کہ سگریٹ نوشی انسان کے لئے زہر قاتل ہے، اپنی نئی نسل کو ہر قسم کے نشے سے بچائیں،اپنے معصوم بچوں کے سامنے سگریٹ اور حقہ پینے سے قطعا اجتناب کریں اور اپنی نئی نسل کو سگریٹ نوسی سمیت تمام اقسام کی نشہ آور اشیا سے بچا نے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔











