انقرہ،یکم جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ رواں سال دونوں برادر ممالک سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں،دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کی آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہو گی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ای کامرس،تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کا تعاون قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکی کی غیر متزلزل حمایت نے بہادر کشمیریوں کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے پاکستان نے متعدد اقدامات کیے ہیں ۔











