ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا مقصد ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ ہے؛کمشنر ساہیوال سلوت سعید

13

اوکاڑہ،03جون (اے پی پی): کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے کہا ہے کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا مقصد جہاں لوگوں کے محکمہ مال سے متعلقہ معاملات کو حل کرنا ہے وہیں پر سرکاری دفاتر کو جواب دہ بنانا اور ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ بھی ہے،لوگوں کی جائیداد کے معاملات کو شفاف انداز میں حل کرنے اور محکمہ مال سے متعلقہ مشکلات و مسائل کے حل کے لئے ریونیو عوامی خدمت کچہریاں ایک کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیلدار آفس میں ریونیو عوامی خدمت کچہری سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے  آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔

کمشنر سلوت سعید نےکہا کہ شہریوں کے سرکاری دفاتر سے متعلقہ معاملات خصوصاََ زمین جائیداد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے اور لوگوں کو با ر بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ مال کافیلڈ سٹاف اپنے اپنے حلقہ سے متعلق شکایات کی موقع پر جا کر تصدیق کریں اور اس کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر ملک راشدنعمت کھوکھر  تحصیلدار اور محکمہ مال کے فیلڈ افسران و عملہ بھی موجود تھے۔