پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالیں لیکن دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ؛ وزیراعظم محمد شہباز شریف

9

گوادر ، 03 جون  (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو یہاں  ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبے کی افتتاحی   تقریب  سے  خطاب میں کہا ہے کہ‏ پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالیں لیکن ‏دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے ۔

تقریب سے  خطاب میں    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں جب عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی تھی تو اسے آٹا، تیل اور دالوں میں عوام کو ریلیف دینے کی توفیق نہ ہوئی، جب سابق حکمرانوں نے حکومت ہاتھ سے نکلتے اور عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوتے دیکھی تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کر دیں اور ہمارے لئے ایک جال پھینکا کہ ہم اس میں پھنس جائیں، ہم نے ایک ہفتہ پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالنا پڑے۔

 انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے قرضوں سے ملک چلایا، 98 فیصد ضروریات ہم درآمد کرکے پوری کرتے ہیں، گیس کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں، اضافہ مجبوراً منتقل کرنا پڑا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ 8 کروڑ غریب افراد کو 2 ہزار روپے کی سبسڈی بھی دے رہے ہیں تاکہ غریب افراد بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں۔