اٹک؛ تحصیل حضرو میں پرائس کنٹرول کمیٹی تشکیل دے  دی  گئی

11

اٹک، 04 جون (اے پی پی ): پرائس کنٹرول کمیٹی ضلع اٹک کے چیئرمین جہانگیر خانزادہ اور ڈپٹی کمشنر اٹک ذوالقرنین حیدر کی ہدایات پر خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف تحصیل حضرو میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس حوالہ سے پرائس کنٹرول کمیٹی تحصیل حضرو کا پہلا اجلاس کمیٹی کنوینئر و اسسٹنٹ کمشنر حضرو زوہیب احمد انجم کی صدارت میں منعقد ہوا۔

 جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع اٹک کے نائب صدر افتخار خاور ڈار، مسلم لیگی رہنما و سابق چیئرمین یو سی جلالیہ یاسر خان، سٹی صدر حضرو حاجی احسان خان نمبردار ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تحصیلدار حضرو چوہدری احسان الٰہی ، عدنان کیانی ، ڈاکٹر جاوید، صدر انجمن تاجران ابرار حسین، رہنما سبزی منڈی ایسوسی ایشن حاجی دلنواز سائیں، ناصر آرائیں، نثار علی خان ( میڈیا) سمیت نان بائی ایسوسی ایشن ،  مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں، کنزیومر ممبرز اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس میں خاور ڈار ، یاسر خان کی جانب سے چیئرمین کمیٹی کیلئے نام پیش کیا گیا جس کو تمام شرکائے اجلاس نے متفقہ طور پر منظور کیا ، اسی طرح باہمی مشاورت سے خاور ڈار وائس چیئرمین جبکہ دیگرز شرکاء سمیت نثار علی خان ( اے پی پی، میڈیا ) ممبرز ہونگے ۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ میاں حمزہ شہباز کے ویژن اور ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں سے بچانے کیلئے تمام عوامی و فلاحی اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، جو تاجر، دکاندار خریداروں پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں کرینگے اور اشیاء مہنگے داموں فروخت کریں گے ان پر جرمانے عائد کئے جائیں گے ، جیل بھیجا جائے گا یا دونوں سزائیں دی ۔

 اجلاس میں اے سی حضرو نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی ، آٹا ، گھی ، چینی اور دیگر ایسی اشیاء جتنی مقدار میں تاجروں اور دکانداروں کے پاس موجود ہیں وہ تحصیل دفتر میں اندراج کرا دیں بصورت دیگر بعد میں جو پکڑا گیا جرمانے اور جیل دونوں سزائوں سے گزرے گا۔پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہر ہفتے ہوا کرے گا جس میں کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔