ملتان، 05 جون (اے پی پی): ڈویژنل انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ و جعلساز مافیا کے خلاف غلہ منڈی میں مشترکہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ہزار 751 لیٹر جعلی مشروبات ضبط کرلی ہیں اور ملزمان کیخلاف 3 مقدمات درج کر کے 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
معروف برانڈز کے نام سے مضر صحت کیمیکلز کی ملاوٹ کرکے ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات تیار کی جارہی تھیں۔کارروائی کے دوران پلاسٹک بوتل اور ایسنس سٹور سے 10 پیکنگ ریلز، 3 سٹامپ میکر اور 9 تھیلے مس برانڈڈ ڈھکن برآمد کرلیے گئے ہیں ،
بوتلوں کے اوپر جعلی لیبلنگ کرنے اور مس برانڈنگ کرنے پر بوتل سٹور مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
مرچ مصالحہ چکی پر کارروائی کرتے ہوئے 280 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں ضبط کرلی گئی ہیں اور ملاوٹ کرنے پر 2 افراد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ کے دوران مرچوں میں کھلے رنگ کی ملاوٹ پائی گئی ہیں، جعلی اور ملاوٹی مشروبات کی پیکنگ کرکے ملتان شہر اور دیگر اضلاع میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
اس حوالے سے کمشنر انجینئر عامر خٹک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب جدون نے کہا کہ کارروائیاں جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی غلہ منڈی میں جعلی مشروبات اور ملاوٹی مرچیں تیار کرنے کرنے والوں کیخلاف کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر مکروہ دھندا کرنے والوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والے عوام کی صحت کے دشمن ہیں۔











