حکومت کو  بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،کاروباری برادری کا ملک کی معیشت میں اہم کردار ہے؛گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

10

لاہور، 5 جون،( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ خدمت خلق ہمیشہ مسلم لیگ ن کا شعار رہا ہے، ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے ہیں ،  مسلم لیگ ن کے سابق دور میں معیشت بہتر تھی اور مہنگائی کی شرح کم تھی ،حکومت کو  بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،کاروباری برادری کا ملک کی معیشت میں اہم کردار ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شہروں سے آنے والے وفود سے ملاقات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو اس کے اثرات دور تک جاتے ہیں، کپاس کے شعبے سے منسلک افراد کی کپاس کے بیج پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی درخواست اعلیٰ حکومتی عہدیداروں تک پہنچا دی ہے، مشکل حالات کی وجہ سے حکومت کو سخت فیصلے بھی لینے پڑ رہے ہیں۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ  کامل یقین ہے کہ جہاں نیت نیک ہو، ارادے مضبوط ہوں گے، وہاں راستے بن جاتے ہیں، موجودہ حکومت مشکل حالات کے باوجود عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے،  انشاءاللہ ملک میں جلد معاشی استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ  ہر شخص کی زمہ داری ہے کہ وہ ملک کی تعمیر، ترقی میں اپنا کردار ادا کرے،  ہر شخص معاشرے میں  اپنے حصے کی شمع جلائے گا تو ملک ترقی کی راہ پہ گامزن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پہ خصوصی توجہ دیں گے۔