اسلام آباد، 6 جون (اے پی پی ): عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کامسٹیک نے مسلم دنیا میں ماحولیات اور ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے فورم کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔
عالمی یوم ماحولیات پر زمین کے انحطاط کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں آٹھ سے زائد بین الاقوامی ماہرین نے خطاب کیا، اس سیمینار میں ماہرین نے ذاتی طور پر اور آن لائن شرکت کی۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا پیغام او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی عسکر موسینوف نے پڑھ کر سنایا۔ سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ ماحولیات کا عالمی دن عالمی ماحولیات کے لیے ایک اہم بین الاقوامی دن ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم اس دن کو منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع “صرف ایک زمین” ہے جس پر توجہ مرکوز ہے کہ “فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ زندہ رہنا” ہمیں اپنی زمین کی حفاظت اور سبز ٹیکنالوجی کو اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو سبز ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے ترقی پذیر ممالک کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنی چاہیے۔
سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ او آئی سی ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق خدشات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مربوط اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کی بھلائی کے لیے فطرت کی حفاظت کی جا سکے۔
کوآرڈینیٹر جنرل، کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ تیزی سے ابھرتے ہوئے ماحولیاتی اور ایکو سسٹم کے چیلنجز کی مرکزی اہمیت اور او ائی سی کے خطے میں لوگوں کی زندگی پر ان کے اثرات کی بنیاد پر، ہم نے ایک مستقل فورم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اجتماعی اقدامات پر غور کیا جا سکے اور ان ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
پروفیسر چودھری نے کہا کہ کامسٹیک فورم آف انوائرمنٹ اینڈ ایکو سسٹم اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر کام کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پائیدار سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے ماحولیات کی اہمیت کو او ائی سی پروگرام آف ایکشن اور سائنس ٹیکنالوجی اور انوویشن ایجنڈے میں بھی اچھی طرح سے بیان کیا گیا ہے، جو رکن ممالک کو ماحول کے تحفظ اور پائیدار پیداوار اور کھپت کے نمونوں کو فروغ دینے اور بڑھانے کے لیے رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماحولیات اور ایکو سسٹم کی بحالی پر کامسٹیک فورم ان شعبوں میں اسلامی تعاون تنظیم کے کام کو تقویت دے گا۔
مشیر موسمیاتی تبدیلی کامسٹیک، شاہد کمال نے کہا کہ آج کی تقریب عالمی یوم ماحولیات کے پس منظر میں ہو رہی ہے جس میں ہمارے سیارے کی حفاظت اور بحالی کے لیے اجتماعی عالمی اقدام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کامسٹیک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک باہمی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ماحولیات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی پر فورم کے قیام کا اعلان کر رہا ہے۔
سیمینار میں آٹھ بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی اور اس رجحان سے نمٹنے کے لیے زمین کی تنزلی، خوراک کے نظام، فصلوں کی ماڈلنگ، اور تنزانیہ، تیونس اور گیمبیا میں اس ضمن میں کی جانے والی سرگرمیوں پر گفتگو کی۔











