عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے،ڈی آئی جی ہزارہ میروئیس نیاز کا کھلی کچہری سے خطاب

8

 بکوٹ،08(اے پی پی ): ڈپٹی انسپکٹر ہزارہ ڈویژن میر وئیس نیاز  نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، ہمارے پاس جو نفری 1976 میں تھی آج بھی وہی ہے جبکہ آبادی میں اضافہ اور جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں تھانہ بکوٹ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مختلف سوالات کے جوابات میں ڈی آئی جی ہزارہ میروئیس نیاز نے کہا کہ بکوٹ تھانہ جو کشمیر اور پنجاب کے سرحدی اضلاع سے ملحقہ ہے اسکو ملانے والے پلوں اور سڑکوں پر وارداتوں کی نشاندہی پر ہم اپنی پولیس فورس کو الرٹ کریں گے اور ابھی جو بھرتیاں شروع ہیں اس میں سرکل بکوٹ کے نوجوان اپلائی کریں جو میرٹ پر آئے گا انکی تعیناتی ہوگی۔

 ڈپٹی انسپکٹر  نے کہا کہ نفری بڑھنے سے شکایات کم ہوں گی، منشیات کے بڑھتے رجحان اور اسکی روک تھام اور علاقہ میں چوری کی وارداتوں ،ٹرانسفارمر چوری کیس پر منشیات فروشوں، چوروں کی معاونت جب تک مقامی نہ ہو وہ کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ  عوام کھل کر منشیات فروشوں، چوروں اور انکے سہولت کاروں کے نام سامنے لائیں۔

 اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ میروئیس نیاز نے کہا کہ سکی کناری ڈیم کی ٹرانسمیشن لائینوں کے سرکل بکوٹ سے گزرنے اور ٹھیکدار اور عوام کے تنازعات پر پیڈو کا پراجیکٹ میں کمشنر ہزارہ سے بات کروں گا تاکہ لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ  اسی طرح سڑکوں پر تجاوزات اور گاڑیوں کے کرایہ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو شفارشات بھیج دوں گا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سجاد خان، ایس ایچ او بکوٹ دلپذیر خان، ایس ایچ او ڈونگا گلی، ایس ایچ او بگنوتر اور بہت بڑی تعداد میں ممبران بلدیات و ڈی آر سی موجود تھے۔