ملتان، 08 جون (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ ہر طرح کے حالات میں امن کی فضا کو بحال رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور جنوبی پنجاب میں پر امن حالات کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سخت فیصلے کیے گئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اعلیٰ سطحی افسران کے ساتھ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں آر پی ڈی جی خان اور اے آئی جی ڈسپلن جنوبی پنجاب عمران شوکت شریک ہوئے آر پی او بہاولپور، ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او راجن پور بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں کچہ آپریشن بارے تفصیلی جائزہ لیا گیاڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او راجن پور نے کچہ میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی کچہ میں جرائم کے مکمل خاتمہ کیلیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کچہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، کچہ سمیت جنوبی پنجاب میں جاری آپریشن البدر کا بھی جائزہ لیا،آپریشن البدر میں 3500 ریکارڈ یافتہ مجرمان گرفتار کر لیے گئے ۔
ایڈیشنل آئی جی نےانٹرنیشنل کرکٹ میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات بارے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میچز کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے، سیکیورٹی بارے کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کو محفوظ سیکیورٹی مہیا کرنے کے لیے 6000 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات ہیں اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بھی معاونت حاصل ہے۔











