موجودہ حالات میں حکومت کی جانب سے ایک متوازن اور اچھا بجٹ پیش کیا گیا ہے ؛ عرفان اقبال شیخ

11

لاہور،10 جون ( اے پی پی ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ بجٹ  2022-23  میں   چھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس ہماری دیرینہ ڈیمانڈ تھی جس کو حکومت نے پورا کیا، زرعی مشینری پر ٹیکس ختم کر دیا گیا جو بہترین قدم ہے،موجودہ حالات میں حکومت کی جانب سے ایک متوازن اور اچھا بجٹ پیش کیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بجٹ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر (ایف پی سی سی آئی)کے سابق صدر میاں انجم نثار،نائب صدر وریجنل چیئر مین ندیم قریشی،کوآرڈینیٹر ریجنل آفس محمد علی میاں سمیت تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صدر (ایف پی سی سی آئی) عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کاٹن سیڈ اور آئیل سیڈ پر ٹیکس واپس لینے سے کاشتکاروں کو ریلیف ملے گا،انکم ٹیکس 12فیصد پر لانا احسن اقدام ہے ،چھوٹے دکانداروں پر فکسڈ ٹیکس لگانا دیرینہ مطالبہ تھا جسے حکومت نے پورا کیا،انہوں نے کہا کہ صحت  کے شعبہ کیلئے 24ارب روپے رکھے گئے ہیں جسے حکومت کو بڑھانا چاہئے،بجلی پر دی جانیوالی سبسڈی سے عوام کو ریلیف ملے گا،سرکاری ملازمین کی 15فیصد تنخواہوں میں اضافہ اور پنشن میں 5فیصد اضافہ سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے اس طبقے کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سولر پینل پر ٹیکس کی چھوٹ ہماری ڈیمانڈ تھی جسے پورا کیا گیاہے،جتنا سولر پینل لگے گا اتنی ہی بجلی سستی ہوگی،توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سولر پینل کی تنصیب کو فروغ دینا ہوگا۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ زرعی آلات پر ٹیکس ختم کرنا بھی ہمارا مطالبہ تھا جسے پورا کیا گیا ہے جس پر ہم وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیکر ایک دو روز میں میڈیا کے سامنے اپنا موقف واضح طور پر پیش کریں گے مجموعی طورپر یہ بجٹ عوام دوست اور متوازن ہے۔