کوئٹہ،13 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے محتسب کا ادارہ عام شہری کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے محتسب کے باعث سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوے وفاقی محتسب نے کہا کہ گزشتہ چالیس سال سے ادارہ کام کر رہا، ہے وقت کے ساتھ ساتھ ادارے کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ سالانہ ایک لاکھ سے زائد شکایتیں موصول ہوئیں جن میں سے پچانوے فیصد کیسیز کو کامیابی کا ساتھ نمٹایا گیا۔ ہمارے فیصلوں پر ۱۰۰ فیصد عملدرآمد ہوتا ہے۔ بحیثیتِ ادارہ کے سربراہ روزانہ کہ بنیاد پر چار سو سے پانچ سو فیصلوں کی منظوری دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ محتسب کے ادارے کے باعث عوام کو بہت آسانیاں ملی ہیں۔ شکایات کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کیا گیا جس سے غریب آدمی کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مزید وفاقی محتسب کے دفاتر کھولے جائیں گے تاکہ تمام شہری اس کی افادیت سے مستفید ہو سکیں اور کہا کہ محتسب ادارے کا ورکنگ اسٹائل عدالتوں سے ہٹ کر ہے فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی اور عوام کی دادرسی کے لیے ہم بہتر انداز میں کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصی اہمیت کا حامل ہے،صوبے کے عوام کا مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔











