لاہور ، جون 21(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ٹھوکر نیاز بیگ پر پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا دورہ کیا اور زیر تکمیل منصوبے کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز مختلف فلور پر گئے اور پراجیکٹ پر کام کا جائزہ لیا -وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلی میں شروع اس اہم پراجیکٹ کو سابق دور میں نظر انداز کیا گیا۔گزشتہ 4 برس کے دوران سست روی کے باعث منصوبے کی لاگت میں تقریبا 3 ارب روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ قومی وسائل کا نااہلی کی وجہ سے ضیاع مجرمانہ غفلت ہے۔انھوں نے ہدایت دی کہ عوامی اہمیت کے منصوبے کو جلد فنکشنل کیا جائے۔منصوبے کو آپریشنل کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔منصوبے پر 3 شفٹ میں کام کرنے کا پلان بنایا جائے۔عمارت کے اطراف بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں۔ڈی جی پی ایچ اے خود موقع پر آ کر وزٹ کریں اور اس ضمن میں جامع پلان بنائیں۔ بلڈنگ کو بھی پودوں کے ساتھ گرین بنانے کا جائزہ لیا جائے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ چند روز میں ٹائم لائن کے ساتھ منصوبے کو آپریشنل کرنے کا حتمی پلان پیش کیا جائے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2017 میں شروع کئے جانے والے اس منصوبے کو مارچ 2019 میں مکمل ہونا تھا۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی -انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











