ملتان، 02 جولائی (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں اینٹی ڈینگی ڈے منایا گیا۔آگاہی سیمینار، ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مختلف مقامات پر ڈینگی سپرے بھی کیا گیا۔
اس سلسلے میں مرکزی تقریب آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے،وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف ڈینگی کنٹرول مہم کے بارے متحرک ہیں،شہری ماحول خشک رکھ کر ڈینگی پر قابو کر سکتے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں گھروں،ٹائر شاپس اور قبرستانوں کے چپے چپے پر سرویلنس کررہی ہیں اورڈینگی لاروے کی افزائش کا موجب سروس سٹیشن سمیت تمام مقامات فوری سربمہر کر رہی ہیں۔
ڈویژن کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں آگاہی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔پارکوں،تالابوں سمیت تمام عوامی مقامات پر خصوصی صفائی مہم چلائی جارہی ہے۔تمام اضلاع میں آگاہی بینر نصب کئے جاچکے۔انہوں نے اپیل کی کہ علماءجمعہ کے خطبات میں ڈینگی کیخلاف شعور اجاگر کریں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمے ڈینگی کنٹرول مہم کی کامیابی بارے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔بس ویگن اڈوں پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے کہا کہ انڈرائیڈ سسٹم کے ذریعے تمام سرگرمیوں کو سسٹم پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر، کمرشل عمارت جا کر سرویلنس کر رہی ہیں۔ڈینگی لاروے کی افزائش کا موجب مقامات کو سربمہر کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ڈویژن بھر میں لاروا برآمدگی میں 24 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر آگاہی کیمپ، پبلک ٹرانسپورٹ پر آگاہی پوسٹر لگائے جاچکے۔ ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں اور ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کیمیکل طریقہ کے ساتھ بیالوجیکل طریقہ کار کا بھی استعمال کیا جائے جن میں مچھر بھگاؤ پودے اور مچھر مکاؤ ماحول دوست کیڑے جیسا کہ ڈریگن فلاءوغیرہ استعمال کئے جائیں۔ شہریوں کی آگاہی کیلئے مختلف وائرل، موسمی بیماریوں کا کلینڈر تیار کیا جائے جبکہ عوام کو ڈینگی بارے موبائل پیغامات بھی بھیجے جائیں۔
بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر وسیم رمزی، سی او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی، ڈاکٹر عطا الرحمن ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔











