سکھر،09جولائی(اے پی پی): ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی نیشنل ہائی وے پر عید الاضحیٰ کے موقع پر گھروں کو جانے والے مسافروں میں عید کے موقع پر تحائف تقسیم کیے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ نے مسافروں میں عید کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے موٹر وے پولیس کی جانب سے شروع کردہ ٹریفک قوانین کی آگاہی مہم کے بارے میں بھی مسافروں کوبتایا۔ایس پی موٹر وے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشتگردی کے واقعات سے انسانی جانوں کا ضیاع اتنا نہیں ہوتا، جتنا روڈ حادثات کی وجہ سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس کے افسران و جوان ایمانداری و ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ جس کی بدولت پاکستان میں بھی روڈ حادثات میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر آئی جی موٹر وے اور ڈی آئی جی موٹر وے ساؤتھ زون کی جانب سے جاری احکامات پر عملدرآمد کراتے ہوئے مسافروں کو تحائف پیش کیے جارہے ہیں، اس سے قبل رمضان المبارک میں بھی موٹر وے پولیس نے سکھر سیکٹر کے مختلف بیٹس میں افطار کا سامان بھی تقسیم کیا گیا تھا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر حضرات کے ساتھ ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو بھی چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل آگاہی رکھیں تاکہ کوتاہی برتنے والے ڈرائیور حضرات کو دوران سفر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کراکر خود سمیت دیگر انسانی جانوں کی حفاظت کی جائے۔
موٹر وے پولیس کی جانب سے ملنے والے تحائف کے بعد مسافروں نے آئی جی موٹر وے، ڈی آئی جی موٹر وے ساؤتھ زون اور ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ عزم کیا کہ وہ نہ صرف موٹر وے پولیس کی روڈ حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے جاری مہم میں تعاون کریں گے بلکہ کوتاہی برتنے والے ڈرائیور حضرات کے بارے میں موٹر وے پولیس کو ہیلپ لائن 130 کے ذریعے آگاہ بھی کریں گے تاکہ روڈ حادثات میں قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے مسافروں میں نیشنل ہائی وے پر تحائف تقسیم کرنے کا سلسلہ عید الاضحیٰ کے آخری روز تک جاری رہے گا۔











