نشے سے پاک پشاور مہم پورے پاکستان کے لئے ایک مثال ہے؛ بیرسٹر محمد علی سیف

22

پشاور، 15جولائی(اے پی پی): معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ نشے سے پاک پشاور مہم پورے پاکستان کے لئے ایک مثال ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کی زیرِ قیادت خیبرپختونخواہ سے منشیات کا صفایا کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے  ہفتہ کو یہاں  کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی زیرصدارت  نشے سے پاک پشاور مہم  کے جائزہ اجلاس  میں   خصوصی شرکت  کے موقع پر کیا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پورے صوبے میں میگا اور فیصلہ کن کریک ڈاون شروع کرنے کے لئے 19 جولائی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پشاور کی طرز پر پورے خیبرپختونخواہ میں نشے سے پاک مہم شروع کیا جا رہا ہے اور پشاور پورے پاکستان کے لئے ایک مثال بن گیا ہے۔

بیر سٹر سیف نے کہا کہ صحتیاب ہونے والے نشے کے عادی افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے کمشنر پشاور کی زیرِ صدارت صنعت کارواں اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس 18 جولائی کو منعقد ہوگا۔    گرمیوں کی چھٹیوں کے اختتام پر سکولوں،کالجوں اور ییونیورسٹیوں میں آگاہی کےلئے سیمینار منعقد کیے جائیں گے اور نشے کی لعنت کے خاتمے کےلئے طلبہ کے ڈوپ ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔

اجلاس میں  کمشنر ریاض خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نشے سے پاک پشاور مہم کو 50 دن  مکمل ہوگئے ہیں ابتک 1188 نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لیکر مختلف بحالی مراکز میں علاج جاری ہے، 13 خواتین بھی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ 143 مریضوں میں HIV ایڈز اور دیگر امراض کی تصدیق ہوئی 139 مریضوں کا علاج اسلام آباد کے نجی ہسپتال جبکہ 4 افراد کا علاج پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتک 281 افراد کے خاندانوں سے رابطے ہوچکے ہیں تحویل میں لئے گئے نشے کے عادی افراد کی عمریں 15 سے 51 سال سے زائد ہیں، 700 سے 800 کے قریب نشے کے عادی افراد اب بھی سڑکوں پر موجود ہیں جن کے لئے گنجائش پیدا کی جارہی ہے۔