ملتان، 17 جولائی (اے پی پی ): سینئر رہنما مسلم لیگ ن عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوں گے ، حلقہ پی پی 217 میں جیت مسلم لیگ ن کے امیدوار سلمان نعیم کی ہے ۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں پی پی 217 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سلمان نعیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ یہ الیکشن 2018 یا آر ٹی ایس سسٹم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین پرامن ماحول خراب نہ کریں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سلمان نعیم نے کہا کہ پورے پاکستان کی نظریں پی پی 217 کے ضمنی انتخابات پر ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اس حلقے سے کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ انہوں نے چوہدری ذوالفقار کی ایک فیکٹری پر حملہ کیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سلمان نعیم نے اپنے حلقہ میں ووٹ بھی کاسٹ کیا ۔











