قومی سیاسی جماعتیں عمران خان کو اداروں کے سربراہان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

13

 

لاہور،18 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قومی سیاسی جماعتیں عمران خان کو اداروں کے سربراہان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران نیازی نے چیف الیکشن کمشنر کی ذات کو اپنی گھٹیا سوچ کا نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) عمران خان کی اس مہم جوئی کی بھرپور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان اس طرح اداروں کو بلیک میل کر کے دھونس دھاندلی سے اپنی بات منوانا چاہتے ہیں، ایسا ہر گز نہیں ہوگا، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور مسلم لیگ (ن) کسی طور اجازت نہیں دیں گے کہ عمران نیازی اداروں کے سربراہوں کی تضحیک کریں، چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے تمام ممبران پر پوری قوم کو اعتماد ہے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم جمہوری لوگ ہیں، جمہوری روایات پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں۔