اسلام آباد،20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ڈیموں کی تعمیر پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے، مہمند ڈیم کی تعمیر 2026 تک مکمل ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ڈیموں کی جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے گا اور ڈیموں کی تعمیر میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کو پانی اور سستی بجلی کی اشد ضرورت ہے اس لئے زیر تعمیر منصوبوں کی بر وقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت آبی وسائل زیر تعمیر منصوبوں کی نگرانی بھی کرے گی اور ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں واپڈا کو بھر پور مدد فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت مہمند ڈیم کی 14 سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے اور ڈیم کی تعمیر کا کام 2026ء تک مکمل کر لیا جائے گا، مہمند ڈیم میں 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگا۔











