اسلام آباد،22جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ،جس میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام سمیت ایس ایس پی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اسلام آباد میں مقدس ماہ میں مکمل ہم آہنگی ، سکیورٹی اورامن و امان کے حوالے سے انتظامی معاملات پرمشاورت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آپس میں تعاون سے ہی محرم الحرام میں امن و امان اور تقدس بحال رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہو کر بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز مقابلہ بازی سے اجتناب کیا جائے۔ مجالس اور جلوس کے شرکا مقررہ وقت اور تعین کردہ روٹس کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات اور فکر کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ تفرقہ بازی سے پاک معاشرے کے لئے ہر فورم پرعلماء کرام اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔اسوہ حسینہ اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر علاقے میں امن و امان کو قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور علمائے کرام نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔











