لاہور،23جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے وزیر اعلیٰ الیکشن میں ہم نے آئین و قانون کے مطابق کامیابی حاصل کی ہے ، مولانا غیاث اور جلیل شرقپوری کے پاس موقع ہے کہ پارٹی میں واپس آجائیں، عزت و احترام سے پیش آئیں گے۔
صوبائی وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے ہفتہ کو ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آئین کے مطابق کامیابی حاصل کی،25ارکان کو ڈی سیٹ کرکے ضمنی الیکشن کرائے گئے،ماضی کے کیسز میں فیصلے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں 25 لوگوں کو ڈی سیٹ کیا گیا،یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ کا الیکشن ہوتا ہے تو چیئرمین سینیٹ نے کہا 7 ووٹ مسترد کرتا ہوں،یوسف رضا گیلانی اکثریت سے ہار جاتے ہیں، کیا اس کا بھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز سے پہلے گورنر پھر صدر نے حلف لینے سے انکار کیا،خدا خدا کر کے حلف ہوا تو کابینہ کا مسئلہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی آئین اور قانون کے مطابق ہے انصاف کا دہرا معیار نہیں ہو سکتا ،25 ارکان کے ووٹ مسترد کرکے انہیں ڈی سیٹ کیا گیا ،ان پچیس ارکان کو پرویز الہی کو ووٹ ڈالنے کی کہاں ڈائریکشن ثابت ہوئی ،پرویز الہی کو تو پہلے رائونڈ میں صفر ووٹ پڑے تھے ، اس کیس میں فل بینچ بیٹھے اور اس معاملے کو سنے ،کچھ ججز اس معاملے پر اپنا مائنڈ ڈسکلوز کر چکے ہیں۔











