ملتان،28جولائی(اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا سڑکوں سے مٹی اور کیچڑ ہٹانے کے لئے صفائی آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔ خانیوال روڈ، اولڈ شجاع آباد روڈ ،میٹرو بس روٹ، ریلوے انڈر پاس نزد جنرل بس اسٹینڈ کے ایریا میں سڑکوں سے مٹی اور گارے کی لفٹنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ رشید آباد ریواڑی مارکیٹ سے ہیوی مشینری کے ذریعے تمام ویسٹ اٹھا لیا گیا ہے۔
دوسری طرف ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او امیر حسن نے تمام سیکٹرانچارج کو آپریشن بارے روزانہ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ کمپنی کے ہر ورکر اور سپروائزی سٹاف ممبر کی انفرادی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہر کے تمام سیکٹرز میں پوری رفتار کے ساتھ صفائی کام شروع کیا جائے اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کو ترجیحی بنیادوں پر کلئیر کیا جائے۔
امیر حسن نے تمام ڈپٹی منیجرز آپریشنز کو ورکرز کے ڈیوٹی اوقات کے دوران فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔











