یوٹیلٹی سٹورز پر تاریخی سبسڈی ، اشیائے ضروریہ  رعایتی نرخوں پر دستیاب ،آٹا 800 روپے ، چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی

2

اسلام آباد،28 جولائی(اے پی پی ): مہنگائی کے اس دور میں موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح کیلئے بہت سے موثر  اقدامات کئے ہیں ، جن میں سرِفہرست رعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں اشیائے ضروریہ کی یوٹیلٹی سٹورز پرفراہمی شامل ہے۔

وزیر اعظم پیکج کے تحت بنیادی اشیائے ضروریہ جن میں دالیں، آٹا، چینی اور گھی/آئل اور چاول  پر حکومتی سبسڈی دی جارہی ہے ، انکی دستیابی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یوٹیلیٹی سٹور حکام کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ عام  مارکیٹ میں آٹے کے 15 کلو تھیلے کی قیمت 1250 روپے سے بھی زائد ہے۔ عام مارکیٹ میں چینی 95 فی کلو روپے میں  فروخت ہو رہی ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

سٹور حکام کے مطابق سٹور پر ایک معیاری گھی مارکیٹ ریٹ سے تقریباً 250 روپے کم کر کے فی کلو 300 روپے پر دیا جا رہا ہے۔ جبکہ دوسرے برانڈڈ گھی مارکیٹ ریٹ سے تقریباً 50 روپیہ کم پر فروخت ہو رہے ہیں۔

 اسی  طرح چاول اور دالوں پر 20 سے 40 اور بعض دالوں پر 60 روپے تک فی کلو بھی رعایت دی جا رہی ہے۔

یوٹیلیٹی سٹور حکام کے مطابق  یہ تاریخی ریلیف پیکج سابق حکومت کے ریلیف پیکجز سے کہیں زیادہ ہے۔ صبح 9 سے رات 9 بجے تک عوام کی سہولت کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کھلے ہوتے ہیں اور بغیر کسی وقفے کے سٹورز کا عملہ 12 گھنٹے کام کرتا ہے جبکہ سٹور میں ایک شہری کے شناختی کاررڈ پر ماہانہ 5 کلو چینی، 40 کلو آٹا، 5 کلو گھی/آئل دستیاب ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز کا رخ کرنے والے عوام کافی حد تک مطمئن ہیں کہ مہنگائی کے دور میں  کوئی تو ایسی جگہ موجود ہے جہاں آپ کم پیسے خرچ کرکے گھریلو ضرورت کی اشیاء خرید سکتے ہیں۔ تاہم شہریوں نے کچھ اشیاء کی وقت پر عدم دستیابی کا شکوہ کیا  اور کچھ بزرگ  شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لائن میں دیر تک کھڑے ہونا انکے لئے ممکن نہیں لہذا بزرگ شہریوں کیلئے رش اور وقت کی بچت کیلئے ایک الگ کاؤنٹر ہونا چاہیے۔