فیصل آباد؛ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیر، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کیساتھ منایا  گیا

20

فیصل آباد،5 اگست (اے پی پی): ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیراس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔حکومتی ہدایات پر صبح کے وقت سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے ساتھ سٹرکوں پر ٹریفک رک گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر خلیق قریشی چوک،بیرون پریس کلب سے ہوتی ہوئی کچہری بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ڈویژنل کمشنرزاہد حسین،ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ اور ارکان اسمبلی شکیل شاہد،میاں وارث عزیز نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔

ڈویژنل کمشنر نے ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔

انہوں نے کشمیریوں پربھارتی ظلم وتشدد کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بڑی ریلی کاانعقاد کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کااظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب ایک المیہ سے بڑھ کر انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔اے ڈی سی جی،ایس ایس پی آپریشنز،سی ٹی اونے کہا کہ ظلم کے بادل چھٹنے کو ہیں اور کشمیری بھائیوں کی لازوال قربانیاں عنقریب رنگ لانے والی ہیں۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو بھارتی مظالم کی وجہ سے مزید تقویت ملی ہے۔

اس موقع پر شرکاء ریلی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان  اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی حمایت سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف دو ٹوک اور اٹل ہے کشمیر کی آزادی کے علاوہ کسی بات پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے عالمی طاقتوں کی مجرمانہ غفلت اور بے ضمیری انتہائی قابل مذمت ہے۔

ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے کشمیریوں کے حق اور بھارتی ظلم واستبداد کے خلاف نعرے لگائے۔

دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مختلف سیاسی،مذہبی وکاروباری اوراین جی اوز کی طرف سے احتجاجی ریلیوں میں بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔

قبل ازیں ضلع کونسل کے جناح ہال میں سیمینار منعقد ہوا جس میں طالب علموں نے ملی نغمے پڑھے اور پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔