فیصل آباد ،8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ فوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں جبکہ قوم اپنی پاک فوج اور شہدا کے شانہ بشانہ کھڑی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہیلی کاپٹر سانحے میں شہدا کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں ، قوم میں کوئی ایک آدمی بھی ایسا نہیں ہوگا جو فوج سے پیار نہ کرتا ہوگامگر اس کے باوجودعمران خان قوم کو کسی حادثے سے دوچار کرے گاکیونکہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم ونوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد کوئی شک و شبہ نہیں رہابلکہ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان بیرونی ایجنٹ ہے جو بیرونی فنڈنگ سے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے لیکن اب قوم اس کو اس کی اجازت نہیں دے گی۔











