اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی ): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں پالیسی سازی میں نوجوانوں کے کردار کو بڑھانے اور ان کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی کوشش کرنی چاہئے، ہماری حکومت ملک کی پائیدار اور جامع ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آج نوجوانوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری میں شامل ہو رہا ہے، یہ دن نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا نوجوانوں کی سب سے بڑی نسل کا گھر ہے، جو ہمارے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی 1.8 بلین وجوہات پیش کرتی ہے، اس نوجوان آبادی کا تقریباً 90 فیصد حصہ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں رہتا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس دن، ہم بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو نہیں بھول سکتے،جنہیں بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ جبر کا سامنا ہے۔ پیلٹ گن کے ذریعے اندھا کرنے سے لے کر، اذیت دینے تک اور من مانی نظر بندیوں سے لے کر جبری گمشدگیوں تک ،جنسی تشدد سے لے کر ماورائے عدالت قتل تک، کشمیری نوجوانوں کو بدترین محکومی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد میں مثالی لچک اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے، عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی مشینری کو کشمیری نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرنا چاہیے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے محرک، انسانی حقوق کے مشعل بردار اور سماجی ترقی کے انجن کے طور پر نوجوانوں کی توانائیوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے کثیر الجہتی اور مربوط انداز اپنانا ضروری ہے،نئی نسل نئی صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کے لیے عالمی رہنماؤں کی طرف دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج بھی انسانیت کو درپیش عالمی آفات کے مقابلہ میں اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے، ہماری نسل انسانیت کے اتحاد کی توقع رکھتی ہے اور کسی کو پیچھے نہ چھوڑنے کے نعرے پر قائم رہنے کا مطالبہ کرتی ہے۔











